اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سعد رفیق کی زیر صدارت وزارت ایوی ایشن میں اجلاس منعقد ہوا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اس موقع پراے ایس ایف کے لئے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبہ تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی۔ایئرپورٹ پر مسافروں کے لئے جدید سہولیات اور سکیورٹی امور زیر غور آئے۔پی آئی اے کی مختلف ایئرلائنز سے Code Sharing، اصفہانی ہینگر کراچی کی اپ گریڈیشن بارے میں بھی اہم فیصلے کئے گئے۔
پی آئی اے کی برانڈنگ اور دوران سفر سہولیات مہیا کرنے کے لیے کام تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سیٹوں کو آرام دہ بنایا جائے، فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم کی تنصیب کی جائے اورتمام طیاروں میں دوران سفر خصوصاً واش رومز کی صفائی کے لیے خصوصی بندوبست کیا جائے۔جہاز میں موبائل چارجنگ پوائنٹس کی سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ پی آئی اے کے کراچی، لاہور، پشاور پلانیٹیریمز کو جدید بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن (PALPA) کے نمائندوں نے بھی وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی ایئر لائن کو کامیاب ادارہ بنانے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے پائلٹس کے حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور فوری ہدایات جاری کیں کہ پائلٹس کو دستیاب وسائل کے اندر مطلوبہ سہولتیں فراہم کی جائیں اورپی آئی اے انتظامیہ تمام ملازمین کو نئے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کرے۔