وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی کا پاکستان فارماسیوٹیکل ایکسپورٹ پروموشن بیورو کی رہنما کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

89

اسلام آباد ۔ 14 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ کے لئے فارما سیکٹر کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، وہ پاکستان فارماسیوٹیکل ایکسپورٹ پروموشن بیورو کی رہنما کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر صحت کی زیر صدارت اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے نامزد نمائندے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ)کے چیف ایگزیکٹو آفسر ڈاکٹر شیخ اختر حسین اور پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان فارما بیورو کے مندوبین نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر صحت نے قومی خزانے میں اضافہ کے لیے ادویات کے شعبہ کی برآمدات کو دوبارہ تقویت دینے اور ان میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر صحت نے کہا کہ حکومت کے برآمدات میں اضافہ کرنے کے وژن کومدنظر رکھا جائے گا اور اس ضمن میں فارما سیکٹر کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی کیونکہ اس شعبہ میں قومی خزانہ میں اضافہ کے لیے کردار ادا کرنے کی استعداد اورصلاحیت پائی جاتی ہے۔ وفاقی وزیر صحت نے ڈریپ کی طرف سے ادویات کے برآمد کندگان کو ریگولیٹری دستاویزات کی بروقت فراہمی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کو سراہا، جس نے اس مسئلہ میں باقاعدہ ڈیسک بھی قائم کیا ہے۔ اجلاس کے دوران ڈریپ کے چیف آفیسر شیخ اختر حسین نے بریفنگ دی اور بتایا کہ پاکستان فارما سیوٹیکل ایکسپورٹ پرموشن بیور کی کمیٹی کے قیام کا مقصد مختلف وزارتوں، سرکاری محکموں اور نجی شعبہ کے درمیان رابطہ کاری کا میکنزم بنانا ہے تاکہ فارما سیوٹیکل کی برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوںنے کمیٹی کو بتایا اس وقت پاکستان میں طبی علاج معالجہ کی استعمال والی اشیا کی برآمدات 550 ملین ڈالر سے بھی بڑھ گئی ہیں جبکہ اس میں آنے والے سالوں میں دو ارب سے زائد ہونے کی بھی گنجائش ہے تاہم یہ اس صورت میں ممکن ہے جب موثر رابطہ میکنزم بنے ہوں۔ اس موقع پر پی ایم اے کے چیئرمین نے کہا کہ فارما سیکٹر کی برآمدات بڑھانے کی استعداد سے بلا شبہ انکارنہیں کیا جا سکتا۔