وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی زیر صدارت وزارت کے سینئر افسران کا اجلاس، وزارتی امور اور وزارت کی کارکردگی کے بارے بریفنگ دی گئی

71

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی زیر صدارت وزارت کے سینئر افسران کا اجلاس ہوا۔وزیر صحت کو وزارتی امور اور وزارت کی کارکردگی کے بارے بھی پر بریفنگ دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ تمام افسران کو محنت لگن اور جذبے سے کام کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے مربوط اور موثر حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات کرنا ہوں گے ۔

موجودہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود پر یقین رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سائلین کی درخواستوں کو نمٹانے کیلئے بروقت اور فاسٹ ٹریک پر کام کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کی ترقی اور اسے آگے لیکر کر جانے کیلئے تیز ترین رفتار سے کام کیا جائےگا۔ہم نے ماضی کے کلچر کو بدلنا ہے اور اہداف کے حصول کیلئے انتھک محنت کرنا ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ بہت حساس ہے جس میں کسی قسم کا تعطل اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔وفاقی وزارت صحت کے پاس ہسپتال اور بہت سے اہم ادارے ہیں جن کو بہتر انداز میں چلانا افسران کی ذمہ داری ہے۔وزارت صحت کے افسران کو اپنے کام کے طریقہ کار اور رفتار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سائلین کے مسائل کو نمٹانے کیلئے فائلوں کو بر وقت نمٹانا ہو گا۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اہداف حاصلِ کرنے کیلئے کام کی رفتار کو بڑھانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی حالت زار میں بہتری صحت کی سہولیات لوگوں تک پہنچانا اور بیماریوں کی روک تھام ہمارا مقصد ہونا چاہیے۔ وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے اپنی طرف سے مکمل بھر پور سپورٹ فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم مل جل کر صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنایئں گے۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری ہیلتھ عامر اشرف خواجہ اور ڈی جی ہیلتھ بھی شریک ہوئے۔