اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سامانِ شفاء فاؤنڈیشن کے دورے کے دوران فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور بورڈ کے ممبران سے ملاقات کی۔
ترجمان وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق دورے کے دوران فاؤنڈیشن کی جانب سے وزیر صحت کو پاکستان میں تیار کردہ جدید وینٹیلیٹرز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر صحت نے مقامی سطح پر تیار کردہ ان جدید وینٹیلیٹرز کو سراہتے ہوئے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
ملاقات میں مقامی طبی آلات کی تیاری اور اس شعبے میں حکومتی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مقامی سطح پر جدید طبی آلات کی تیاری خوش آئند اقدام ہے اور حکومت اس سلسلے میں مقامی صنعت کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مقامی میڈیکل ٹیکنالوجی کی صنعت کو ترقی دینے کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے تاکہ پاکستان خود کفیل بن سکے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات میسر آئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588151