وفاقی وزیر صنعت وپیداوار رانا تنویر حسین سے جاپانی کمپنیوں کے نمائندوں کی ملاقات،مسائل سے آگاہ کیا

111
Rana Tanveer Hussain

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار رانا تنویر حسین سے بدھ کو جاپانی کمپنیوں کے نمائندوں نے ملاقات کی اور برآمدات میں رکاوٹوں و ریفنڈ میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ جاپانی کمپنیوں کے حقیقی مسائل فوری طور پر حل کریں گے، رعایتیں اور مراعات اب برآمدی حجم سے منسلک ہوں گی، صنعتوں کو ہنر مند افرادی قوت برآمد کر کے آمدنی میں اضافے پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آٹو موبائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کےلئے سازگار ماحول فراہم کرے گی، مقامی صنعتیں زیادہ ٹیکس ادا کر رہی ہیں، مقامی صنعتوں کو نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش میں سہولت دی جائے گی، عالمی منڈی کے مقابلے کےلئے مقامی صنعتوں کو اپنے معیار کو بہتر بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آٹو موبائل انڈسٹری کو اپنی برآمدات بڑھانے کےلئے متحرک ہونا ہوگا، حکومت صنعتوں کو مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے جاپانی آٹو سیکٹر کے نمائندوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔