35.5 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ سےامریکی سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے...

وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ سےامریکی سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائےقومی غذائی تحفظ و تحقیق طارق بشیر چیمہ سےامریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔ ملاقات میں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بدھ کو ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے سفیر کا خیرمقدم کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ سیلاب اور بارشوں کے باعث پاکستان کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح زیادہ سے زیادہ زرعی اراضی کو بازیاب کرنا اور بے گھر ہونے والے لوگوں کو ان کے گھروں میں دوبارہ آباد ہونے میں مدد کرنا ہے۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکہ کے عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت پاکستان کے لیے سیلاب امدادی پیکیج میں اضافہ کر رہی ہے۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امداد کے علاوہ وہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت کو وسعت دینے اور مضبوط تعلقات استوار کرنے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو امریکی بیف مارکیٹ تک رسائی کی اجازت دینے پر غور کر رہا ہے۔

- Advertisement -

امریکی سفیر نے پاکستان کے ساتھ زرعی شعبے میں کام کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں کپاس کے بیجوں کی اعلیٰ پیداوار والی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا منتظر ہے۔ وفاقی وزیر نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب میں کپاس اور کھجور کی فصل سب سے زیادہ متاثر ہوئی تھی۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے سرفہرست 10 ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=334372

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں