اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):رچرڈ لانگ سٹاف کی قیادت میں ڈیلوئٹ ایڈوائزری امریکہ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لئے سٹریٹجک مشاورتی خدمات سے فائدہ اٹھانے کے لئے دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان کے تیل، گیس، معدنیات اور قیمتی پتھروں کے شعبوں کو درپیش چیلنجز اور مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گفتگو میں آپریشنل استعداد کار میں اضافہ، خطرات کی پیش بندی اور پائیدار ترقی کے فروغ پر زور دیا گیا۔ ڈیلوئٹ کے وفد نے دنیا بھر کے کامیاب ماڈلز اور جدید طریقہ کار خصوصاً رسک ایڈوائزری، ڈیجیٹل تبدیلی اور گورننس فریم ورکس پر اپنے تجربات شیئر کئے جو پاکستان کی توانائی پالیسی میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے حکومت کی جانب سے توانائی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ڈیلوئٹ کی مہارت کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا توانائی کا شعبہ ایک انقلابی تبدیلی سے گزر رہا ہے اور ڈیلوئٹ جیسے عالمی اداروں کے ساتھ شراکت داری اس شعبے کی ترقی، استحکام اور جدت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
رچرڈ لانگ سٹاف نے کہا کہ ڈیلوئٹ کے لئے پاکستان کے ساتھ تعاون باعثِ اعزاز ہے، ہم اپنے عالمی تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کے توانائی کے اہداف میں معاونت کے لئے پرعزم ہیں، ہمیں یقین ہے کہ یہ شراکت داری دیرپا پائیداری لائے گی۔ ڈیلوئٹ کے لیڈ ایڈوائزری پارٹنر سفیان یوسفی نے بھی پاکستان کے ساتھ ممکنہ تعاون کے شعبوں پر بصیرت فراہم کی اور مشاورتی تجاویز پیش کیں۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے صلاحیت سازی اور ٹیکنالوجی پر مبنی حل سمیت دیگر باہمی تعاون کے امکانات کا مزید جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599483