وفاقی وزیر غذائی سلامتی و تحقیق صاحبزادہ محمد محبوب سلطان کی ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد

102

اسلام آباد۔18 نومبر(اے پی پی )پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے 27 افسران اور سائنسدانوں کو گریڈ 20 اور 21 میں ترقی دے دی گئی ہے۔ پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیلیکشن بورڈ کا اجلاس چار سال سے التواءمیں تھا اور نومبر 2018ءمیں سلیکشن بورڈ کا عمل مکمل ہوا۔ ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے وفاقی وزیر غذائی سلامتی و تحقیق صاحبزادہ محمد محبوب سلطان نے کہا ہے کہ صحیح اور قابل افراد کی ترقی سے پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ترقی پانے والے افسران دلجمعی کے ساتھ نہ صرف زرعی شعبے بلکہ ملکی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی ڈاکٹر ہاشم پوپلزئی نے کہا کہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور افسران کی ترقی اسی عمل کا حصہ ہے، اس سے ایسے افسران میں دلجمعی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ پی اے آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر یوسف ظفر نے کہا کہ افسران کا مورال بلند کرنے کے لیے یہ ایک مثبت کوشش ہے۔ امید ہے کہ ترقی پانے والے افسران پاکستان میں زراعت کے شعبے کی ترقی کے لیے نئے عزم اور جوش و جذبے کے ساتھ کام کریں گے۔