وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور صدر سپریم کورٹ باراحسن بھون کی وفاقی سیکرٹری ہائوسنگ سے ملاقات

165

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس افتخار علی شلوانی نے وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ( ایس سی بی اے) احسن بھون کے ساتھ ملاقات کی، جس کے دوران فیڈرل گورنمنٹ ہاوسنگ اتھارٹی اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے منصوبے پارک روڈ ہائوسنگ سکیم سے متعلق امور اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور ایم احسن بھون نے سیکرٹری ہائوسنگ کواس منصوبے سے متعلق وکلا برادری اور ایس سی بی اے کے تحفظات اور مسائل سے متعلق آگاہ کیا اور کام کی رفتار کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔ افتخار علی شلوانی نے کہا کہ وہ مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے اور اس کی تکمیل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وکلاءکسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کا معاشرے میں بڑا اہم کردار ہوتا ہے، اس لیے ان کے تحفظات اور شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔ اجلاس کے دوران ایف جی ای ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد طارق رشید اور وزارت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔