وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت 1000 مربع فٹ سے زائد جائیدادوں کی نشاندہی کرنے والی کمیٹی کا اجلاس

227

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے وزارت ہائوسنگ کو ہدایت کی ہے کہ 1000 مربع فٹ سے زیادہ جائیدادوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے حوالہ سے سروے مکمل کیا جائے تاکہ اسے کابینہ کے سامنے پیش کیا جا سکے، انہوں نے یہ بھی تجویز پیش کی کہ متبادل فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور ان سرکاری املاک کے مکینوں کو متبادل جگہ دی جائے تاکہ اس اراضی کو محصولات کے لئے استعمال کیا جا سکے۔

جمعرات کو وزارت قانون و انصاف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت پی پی پی موڈ میں استعمال کے لئے 1000 مربع فٹ سے زائد جائیدادوں کی نشاندہی کرنے والی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔گذشتہ اجلاس میں وزارت ریلوے اور سول ایوی ایشن سے کہا گیا تھا کہ وہ پی پی پی موڈ میں استعمال کے لئے 1000 مربع سے زیادہ جائیدادوں کے اعدادوشمار کے حوالے سے ایک پریزنٹیشن تیار کریں۔

کمیٹی کا مقصد ان زمینوں کو ریاست کے لئے منافع بخش بنانا، تجاوزات اور اضافی اخراجات سے بچانا ہے۔ وزارت ریلوے کے نمائندے نے وفاقی وزیر قانون کو لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور اس سسٹم کے ذریعے جمع کئے گئے ڈیٹا کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے رہائشی مقاصد کے لئے ہائی رائز اپارٹمنٹس بنائے جائیں تاکہ سرکاری اخراجات کو کم سے کم کیا جا سکے اور سرکاری ملازمین استطاعت میں اضافہ ہو سکے۔ ایوی ایشن کے نمائندے نے کمیٹی کے اراکین کو اراضی کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

کمیٹی کے ارکان کی جانب سے تجویز دی گئی کہ حکومت دستیاب زمینوں پر ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے لیے تحفظ فراہم کرے۔ وفاقی وزیر قانون نے وزارت ہائوسنگ کو ہدایت کی کہ ڈیٹا اکٹھا کرنے کے حوالے سے سروے مکمل کیا جائے تاکہ اسے کابینہ کے سامنے پیش کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر قانون نے یہ بھی تجویز پیش کی کہ متبادل فراہم کرنے کے لئے متبادل اقدامات کئے جائیں اور ان سرکاری املاک کے مکینوں کو متبادل جگہ دی جائے تاکہ اس اراضی کو محصولات کے لئے استعمال کیا جا سکے۔