اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے صدر راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن طلعت محمود زیدی اور صدر مری بار ایسوسی ایشن اسد اقبال عباسی نے ملاقات کی اور وفاقی وزیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ۔ وزارت قانون و انصاف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر قانون کو بارز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر قانون نے مسائل کو سنا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر نئے آنے والے نوجوان وکلاء کی ٹریننگ سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیر قانون نے نوجوان وکلاء کے لئے ورکشاپس کے انعقاد پر خصوصی زور دیا اور بار ایسوسی ایشنز کو اس حوالے سے اقدامات اٹھانے کی تاکید کی۔ صدر بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے دعوت پر وفاقی وزیر قانون نے جلد بار ایسوسی ایشنز کے دورے کا وعدہ کیا۔