وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت محمد اورنگزیب کھچی کو لوک ورثہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی بریفنگ، سیاحوں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے مختلف منصوبوں، کلچرل تصاویر اور نئے پروگرامز پر تبادلہ خیال

42

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت محمد اورنگزیب کھچی کو لوک ورثہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر وقاص نے جمعرات کے روز ادارے میں جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں لوک ورثہ میں سیاحوں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے مختلف منصوبوں، کلچرل تصاویر اور نئے پروگرامز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ای ڈی نے بتایا کہ لوک ورثہ میں آرٹس اینڈ کرافٹ کی کلاسز کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ جلد ڈانس اور میوزک کی کلاسز بھی شروع کر دی جائیں گی۔

وزیر قومی ورثہ نے موقع پر ہدایت دی کہ ادارے میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے، بالخصوص واش رومز اور خوراک کی اشیاء کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور اس سے نہ صرف سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کا مثبت تاثر بھی ابھرے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بیس سال سے کم عمر بچوں کے درمیان میوزک گرافی، آرٹس، دستکاری اور ٹرک آرٹ کے مقابلے منعقد کرائے جائیں اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کو انعامات دیئے جائیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) میں بھی سونگز کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ محمد اورنگزیب کھچی نے کہا کہ ایسے اقدامات سے اداروں کی پروموشن ہوگی اور وہ شعبے جو دم توڑ رہے ہیں، جیسے کہ روایتی ثقافت (ڈائینگ کلچر)، انہیں نئی زندگی ملے گی۔ اجلاس میں 14 اگست کے حوالے سے کلچرل پروگرامز کی تیاریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں برس لوک میلہ میں غیر ملکی کمپنیوں کو دعوت دی جائے گی ، وہ میلے میں اپنے سٹالز لگائیں گے تاکہ ثقافتی تبادلے کو فروغ ملے۔ اس مقصد کے لیے دیگر ممالک کے سفیروں کو باضابطہ دعوت نامے بھیجے جائیں گے۔یہ تمام اقدامات پاکستان کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے اور اسے عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔