وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان سے یو اے ای کے سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا

88

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔

ملاقات میں وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا اور انہوں نے آئندہ COP28 کی میزبانی پر اماراتی سفیر کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ماحولیات سے متعلق مفاہمت کی یادداشت کے معاہدہ کو فعال بنانے کی ضرورت ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث آلودگی اور صحت عامہ کے مسائل درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے نیشنل ہیزرڈ ویسٹ مینجمنٹ پالیسی 2022 کی منظوری دے دی ہے۔ اماراتی سفیر نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی پورے خطے کو متاثر کر رہی ہے، پاکستان کے ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق اقدامات کے معترف ہیں۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔