وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار کی زیرصدارت سی پیک 8ویں مشترکہ تعاون کمیٹی کے حوالہ سے تیاریوں کا جائزہ اجلاس

58
APP19-20 ISLAMABAD: November 20 - Federal Minister for Planning, Development and Reform Makhdoom Khusro Bukhtiar chairing 57th progress review meeting on CPEC Project. APP photo by Javed Qureshi

اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت مستقبل میں ٹرانسمیشن لائنز کے منصوبے شروع کئے جائیں، حکومت سی پیک کو وسعت دے کر نئے سیکٹرز پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پیک پیشرفت اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں مختلف وزارتوں و صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سی پیک 8ویں مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کے حوالہ سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی پیک کے جاری منصوبوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت سی پیک کو وسعت دے کر نئے سیکٹرز پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، جے سی سی میں صنعتی تعاون کو فروغ دے کر عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تیار اقتصادی زونز پر فوری ترقیاتی کام کا آغاز کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام اقتصادی زونز کی فزیبلٹی و دیگر معامالات فوری طور پر حل کئے جائیں، سی پیک صنعتی تعاون کے بدولت ملک کی برآمدات و پائیدار معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت سماجی و معاشی سیکٹرمیں تعاون کیلئے الگ جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام عمل مییں لایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی و معاشی شعبہ میں تعاون کی بدولت ملک کے دور افتادہ علاقے ترقی کے نئے دور میں داخل ہوں گے، یہ گروپ صحت، تعلیم، فنی تربیت اور زراعت کے شعبہ میں مختلف منصوبوں پر کام کرے گا۔ مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ ملک میں غربت کے خاتمہ کیلئے چینی تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔