مکہ مکرمہ ۔14جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کی زیر صدارت پوسٹ حج جائزہ اجلاس بدھ کوپاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی حج ابرار مرزا، جوائنٹ سیکرٹریز مذہبی امور، ڈائریکٹر سہولت و تعاون، ڈائریکٹر رہائش و خوارک، ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن اور دیگر سیکٹر انچارج شریک ہوئے۔
ڈائریکٹر جنرل حج نے وزیر مذہبی امور کو مجموعی طور پر حج انتظامات بارے بریفنگ دی۔ وزیر مذہبی امور نے ایام حج کے دوران ویلفیئر سٹاف کی تعیناتی بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تمام شعبہ جات کے سربراہوں سے فردا فردا مزید بہتری کیلئے تجاویز لیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کو ملنے والے فیڈ بیک کے مطابق پاکستانی حجاج انتظامات سے بہت مطمئن ہیں تاہم مزید بہتری کیلئے اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔