وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کا حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب

236

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ حج گروپس آرگنائزرز (ایچ جی اوز) نیک نیتی سے حجاج کی خدمت کریں تو حجاج کے ساتھ ساتھ اللہ کریم بھی خوش ہونگے۔ جمعیت علمائے اسلام کے میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر حج گروپس آرگنائزرز (ایچ جی اوز) نیک نیتی سے حجاج کی خدمت کریں تو حجاج کے ساتھ ساتھ اللہ کریم بھی خوش ہونگے، اس سال حج کے سارے منتظمین نئے تھے، جو کوشش کرے گا اللہ کا وعدہ ہے کہ وہ ضرور اس کی مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ انتظار میں تھے کہ حج ناکام ہوگا لیکن وہ لوگ ناکام ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بعض حجاج نے اس بنیاد پر شور کیا کہ بہترین حج کا کریڈٹ جے یو آئی کو نہ جائے اور حج کو سیاسی بنانے کی کوشش کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عہد کیا ہے کہ کسی کا حق نہیں ماروں گا، یہ گناہ ناقابل معافی ہے، ایچ جی اوز کے ساتھ حقوق العباد وابستہ ہیں، حاجی اللہ کریم کا مہمان ہوتا ہے، ہم میں سے ہر ایک اپنے مہمان پر غیرت کرتا ہے تو اللہ تعالی ہم سب سے زیادہ غیرت والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج عاشقانہ عبادت ہے، حجاج کو تنگ کرنے والے کس منہ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا سامنا کریں گے۔

مفتی عبدالشکور نے کہا کہ ہوپ اور منسٹری میں کوئی فرق نہیں، کوشش کی کہ ہوپ اور منسٹری میں اچھا ریلیشن قائم کرنے کی کوشش کی جائے، منسٹری میں کسی کرپٹ آفیسر کو برداشت نہیں کروں گا، خود بھی کرپٹ نہیں اور کسی کو کرپشن نہیں کرنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ترقیاتی کاموں میں کمیشن کی پیشکش کی گئی جسے رد کر دیا، آج بھی کچے مکان میں رہتا ہوں اور اس پر فخر ہے۔