وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت پاک پی ڈبلیو ڈی منصوبوں کی صوبوں کو منتقلی سے متعلق اجلاس

142
Ahsan Iqbal
Ahsan Iqbal

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پاک پی ڈبلیو ڈی) کے مختلف منصوبوں کو صوبوں کو منتقل کرنے کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس نے منتقلی کے عمل پر بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کو پاک پی ڈبلیو ڈی کے تمام منصوبے کامیابی سے منتقل کیے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے سندھ میں منصوبوں کی منتقلی کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں منصوبوں کی منتقلی کا عمل اگلے پانچ دنوں میں مکمل کیا جائے۔ احسن اقبال نے مزید ہدایات دیں کہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں باقی ماندہ منصوبوں کی منتقلی اگلے ہفتے تک مکمل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی منتقلی کے لیے میکنزم طے ہو چکا ہے اور کسی بھی قسم کی رکاوٹ کی صورت میں متعلقہ صوبے کے ڈی جی پاک پی ڈبلیو ڈی اور دیگر متعلقہ محکموں کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔

احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی حکومت صوبائی خودمختاری اور علاقائی ترقی کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے صوبوں میں بروقت اور موثر طریقے سے تکمیل پذیر ہوں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس بات کا اعادہ کیا کہ منصوبوں کی منتقلی کے اس عمل میں وزارت منصوبہ بندی صوبوں اور تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔