اسلام آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنی سمندری اور فضائی حدود کی حفاظت کر رہی ہیں۔ بھارتی سب میرین نے پاکستان کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی لیکن اس کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ منگل کو ایوان بالا میں سینیٹرز شیری رحمان، جاوید عباسی، عبدالرحمان ملک، ستارہ ایاز، ڈاکٹر شہزاد وسیم اور مشتاق احمد خان کے نکتہ ءاعتراض کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کو پاکستان کی فضائی اور زمینی حدود کی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور مسلح افواج مادر وطن کے دفاع کے لئے پرعزم ہیں۔ بھارت کی طرف سے ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ ہمارے دو فوجی جوان شہید اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ایک سب میرین نے پاکستان کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی لیکن اس کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر جواب مرتب کیا جا رہا ہے اور آئی ایس پی آر یا وزارت خارجہ کی طرف سے بیان جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے خلاف ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے لیکن وہ ان کی جدوجہد کو ناکام نہیں بنا سکتا۔ بھارت کی طرف سے پیلٹ گنز اور دیگر ہتھکنڈے کشمیریوں کو ان کے نظریئے سے محروم نہیں کر سکتے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر اور بھارتی ظلم و جبر کو دنیا میں اجاگر کرتا رہے گا۔