وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کی نو منتخب چیئرمین ایچ ای سی سے ملاقات

265

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے نئے منتخب ہونے والے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے کہا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو جدید رجحانات اور تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کریں جبکہ یونیورسٹیوں کے نصاب کو جاب مارکیٹ سے ہم آہنگ کیا جائے۔

وفاقی وزیر نے یہ ہدایت چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کے دوران دی۔ 30 جولائی کو وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر مختار احمد کو ایچ ای سی کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔ وفاقی وزیر نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر مختار کو تعلیم کے شعبے میں وسیع تجربہ حاصل ہے جس کی عکاسی ایچ ای سی کی پالیسیوں میں ہوگی۔

وفاقی وزیر نے ملاقات کے دوران مزید کہا کہ بیرون ملک وظائف کے لئے ترجیحی شعبوں اور بہترین یونیورسٹیوں کا انتخاب کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی بحران کے باوجود ایچ ای سی کے لئے کافی فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے تعلیمی اور کارکردگی آڈٹ کے نظام کے ذریعے مسابقتی عمل ترتیب دیا جانا چاہئےاور پاکستان امریکہ نالج کوریڈور پروجیکٹ سے مستفید ہونے کے لئے امیدواروں کا انتخاب بھی کیا جانا چاہئے۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ڈاکٹر اے کیو خان ​​میٹلرجی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔یاد رہے کہ معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر مختار احمد اس سے قبل 2014 سے 2018 تک ایچ ای سی کے چیئرمین کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ 2013 سے 2014 تک ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی اور 2005 سے 2011 تک رکن (آپریشنز اینڈ پلاننگ) ایچ ای سی کے عہدے پر فائز رہے۔