وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال سے امریکی کانگریس کے وفد کی ملاقات

141
سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ و طالبات کے لیے 500 سکالر شپس دیئے جائیں گے،احسن اقبال

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال سے امریکی کانگریس کے وفد جس میں شیلا جیکسن، ٹام سوزی، آل گرین شامل تھے، نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم بھی شریک تھے۔

وفاقی وزیر نے وفد کو بتایا کہ ملک میں حالیہ سیلاب نے بری طرح متاثر کیا ہے اور ابتدائی تخمینے کے مطابق تقریباً 10 بلین ڈالر کا نقصان ہوا ہے خاص طور پر زراعت کے شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جو پاکستان میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے وفد کو مزید بتایا کہ سیلاب سے غریب ترین علاقے متاثر ہوئے ہیں جو پہلے ہی غربت کی زد میں ہیں جبکہ سیلاب سے متاثرہ 70 فیصد علاقے پسماندہ تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس بدترین بحران کے دوران پاکستان کی مدد جاری رکھے تاکہ ان علاقوں کی بحالی کے کام کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سیلاب زدگان کے مدد کر رہی ہے لیکن سیلاب وسیع پیمانے پر آیا ہے اس لئے بین الاقوامی سطح پر امداد کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ سیلاب غیر متوقع طور پر بارشوں سے آئے تھے جو کہ معمول کی پیش گوئی سے 500 فیصد زیادہ تھی۔ وفاقی وزیر نے وفد کو مزید بتایا کہ پاکستان کا شمار ان سات ممالک میں ہوتا ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا شکار ہیں۔ وفاقی وزیر نے بین الاقوامی برادری پر زور دیتے ہوئے کہ کہا کہ وہ ترقی پذیر ممالک میں انفراسٹرکچر کے ایک مضبوط نظام کے لئے عالمی فنڈ قائم کرے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت تعمیر نو اور بحالی سب سے بڑا چیلنج ہے اور حکومت پہلے مرحلے کے بعد جلد از جلد بحالی کا عمل شروع کرے گی۔ انہوں نے وفد کو یہ بھی بتایا کہ سیلاب کے دوران ٹماٹر اور پیاز کی فصلیں تباہ ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں اسے پڑوسی ممالک سے درآمد کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یو ایس پاکستان کوریڈور کے تحت پاکستانی طلباء کو امریکی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع ملنے چاہئیں تاکہ پاکستان طلب علم اس سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔