اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی اسلام آباد میں لشکر کشی کر کے عالمی سطح پر ملک کا تشخص خراب کر رہے ہیں، عمران نیازی اور بھارت آئی ایم ایف مذاکرات ناکام کرنے اور سیلاب زدگان کے بعد اب وہ سی پیک کی ناکامی کیلئے کام کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو میڈیا کے نمائندوں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال ہےاسی وجہ سی سی پیک کا منصوبہ بنایا گیا، 2013 میں پاکستان توانائی بحران کا شکار تھا، چین کے تعاون سے موٹر ویز توانائی سمیت دیگر منصوبے شروع کئے گئے، 2014 میں چین کے صدر کے دورہ پاکستان پر عمران نیازی نے دورے کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی دھرنے سے سی پیک 10ماہ تاخیر کا شکار ہوا ، عمران نیازی نے سی پیک چار سال رول بیک کیا اور وزراء نے جھوٹے الزامات لگا ئے، چار سال سی پیک پرکوئی کام نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جے سی سی اجلاس کو ناکام کرنے کیلئے عمران نیازی لانگ مارچ کی دھمکیاں دے رہے ہیں، عمران نیازی اسلام آباد میں لشکر کشی کر کے عالمی سطح پر ملک کا تشخص خراب کر رہے ہیں، عمران نیازی اور بھارت آئی ایم ایف مذاکرات ناکام اور سیلاب زدگان کے بعد اب وہ سی پیک کی ناکامی کیلئے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کا خیال ہے کہ حکومت الیکشن کا اعلان کرے تو میں اس کو بتانا چاہتا ہوں کہ عام انتخابات اکتوبر 2023 میں ہی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں بد حال لاکھوں لوگوں کو الیکشن کا جھانسہ دے رہے ہیں، مارچ میں نئی مردم شماری کے بعد چار ماہ الیکشن کیلئے لگیں گے، عمران نیازی کی مہم الیکشن نہیں بلکہ اکتوبر یا نومبر میں حکومت کو نکال کر ٹرافی لینے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی اگر مدد نہیں کر سکتے تو ان مدد کرنے والوں کے خلاف بات نہ کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فوج میں تبدیلی انتظامی مسئلہ ہے وہ عمران نیازی کے بغیر بھی حل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سیلاب کے دوران الیکشن کو ضمنی مسئلہ سمجھا، ملک کو استحکام کی ضرورت ہے،ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے ساتھ بات کیسے ممکن ہےوہ ہمیں تسلیم ہی نہیں کرتے، اگر وہ سمجھیں کہ میں ٹھیک ہوں باقی سب غدار ہیں تو اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ خو د غدار بھی ہے اور جھوٹا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے فیصلہ دیاہے کہ وفاق میں اودھم نہیں مچے گا، لشکر کشی کے خواہشمند افراد کو میں بتانا چاہتا ہوں کہ ان کی یہ خواہش کبھی بھی پوری نہیں ہو گی، یہ پاکستان ہے اور اس کا آئین بھی ہے، یہ کوئی ’’بنانا ریپبلک ‘‘نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں دنیا کو بتانا ہے ہم ذمہ دار ملک ہیں، حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے اکثریت ثابت کرنا پڑے گی، اگر لشکرکشی ہوئی تو آخری حد تک جانا پڑاتوجائیں گے۔