وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے پاکستان میں بیلاروس کے سفیر کی ملاقات

115
Abdul Aleem Khan.
Abdul Aleem Khan.

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات ، نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان سے پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیسا نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزارت مواصلات کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق ملاقات میں بیلا روس، کرغزستان اور ازبکستان ٹرانسپورٹ کے” جوائنٹ میمورنڈم "میں پاکستان کی شمولیت اور دیگر امور بھی زیر غور آئے۔

بیلاروس کے سفیر نے آئندہ ماہ ستمبر میں بیلاروس میں ہونے والے ”ٹرانسپورٹ ویک” اور اس میں پاکستان کی نمائندگی پر بات چیت کی ۔ ملاقات میں پاکستان اور بیلا روس کے مابین مواصلات اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے مابین باہمی تعلقات بالخصوص تجارتی امور میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ افغانستان، چین اور وسط ایشیائی ریاستوں سے مشرقی یورپ تک شاہراہوں سے رسائی چاہتے ہیں، ٹریڈ کیلئے ٹرانزٹ روٹ اور سڑکوں کے ذریعے تجارتی کوریڈور سارے خطے کے لئے خوش آئند ہو گا۔

بیلاروس کے سفیر نے پاکستان میں قیام کے خوشگوار احساس، ملنسار عوامی جذبات اور یہاں کی سبزیوں اور پھلوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر بیلاروس کے سفیر کو وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ذرائع آمدورفت میں ممکن تعاون پر بریفنگ دی ۔