27.9 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا شاہدرہ کا دورہ،راوی میں سیلاب اور...

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا شاہدرہ کا دورہ،راوی میں سیلاب اور پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا

- Advertisement -

لاہور۔27اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے دریائے راوی میں سیلاب اور پانی کی موجودہ صورتحال اور درپیش مسائل کا جائزہ لینے کے لئے شاہدرہ کا دورہ کیا جہاں انہیں صوبائی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی طرف سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں، صوبائی حکومت،ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122اور سول ڈیفنس کے حفاظتی کیمپ لگے ہوئے ہیں جبکہ پاک فوج بھی”آن بورڈ”ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں اور بھارت سے چھوڑے جانے والے پانی کے باعث پنجاب کے دو تین دریائوں کی صورتحال تشویشناک ہے جبکہ سیلابی پانی سے نزدیکی آبادیاں متاثر ہوئی ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ تمام متعلقہ ادارے چوکنا اور پوری طرح تیارہیں، البتہ دریائے راوی کے حوالے سے آئندہ24گھنٹے اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دریائے راوی کے گردوپیش کے رہائشیوں کو بھی متنبہ کر دیا گیا ہے کہ وہ اپنے طور پر بھی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال خطرے کا باعث ہو سکتی ہے اور اس سے بچنے کے لئے احتیاط ضروری ہے۔وفاقی وزیر اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے مختلف شہروں میں سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی کہ انشاء اللہ لاہور شہر کے گردو پیش صورتحال کنٹرول میں رہے گی۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان جو این اے117شاہدرہ سے ممبر قومی اسمبلی بھی ہیں، نے کہا کہ روڈا نے دریائے راوی کے دونوں اطراف حفاظتی بند ڈیزائن کیے ہیں،آبادی میں ہونے والے اضافے کے باعث صورتحال پریشان کن ہے اور وہ خودحالات کا جائزہ لینے شاہدرہ آئے ہیں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر راوی ٹائون سیدہ سنبل اور سینئر حکام کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وہاں موجود عملے کی حوصلہ افزائی کی۔

شاہدرہ این اے117سے وفاقی وزیرکے کو آرڈینیٹر میاں خالد محمود، استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے نائب صدر میاں جنید ذو الفقار اور مقامی سیاسی و سماجی رہنمائوں نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی آمد پر ان کا شکریہ اداکیا۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں