وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال

78

اسلام آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ نیب آزاد اور خودمختار ادارہ ہے‘ حکومت کسی قسم کی مداخلت نہیں کرسکتی‘جن کو جسٹس قیوم کو فون کرکے فیصلہ کرانے کی عادت ہو انہیں کیسے یقین دلایا جائے کہ ادارے خودمختار اور آزاد ہو چکے ہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر600 ووٹ سے ہار گئے ہیں‘ وقت بدل گیا اور جمہوریت آگئی ہے۔ اب ایسا نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جنرل نے جس سیاسی جماعت کے لیڈر کی پرورش کی ہے انہیں غلط عادات پڑ گئی ہیں اور ہر دفعہ یہی سمجھتے ہیں کہ انہیں کسی بھی طرح جتوا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب ہمارے ماتحت نہیں‘ آزاد ادارہ ہے جن کو جسٹس قیوم کو فون کرکے فیصلہ کرانے کی عادت ہو انہیں کیسے یقین دلایا جائے کہ ادارے خودمختار اور آزاد ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب قوانین حوالے سے یہاں بات کی گئی ہے جب ہم اپوزیشن میں تھے تو ایک بل لائے کہ نیب کی پلی بارگین ختم ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ کہا گیا کہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی سربراہی شہباز شریف اور سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کا اجراءکیا جائے تو ہم ایوان میں بیٹھیں گے ‘ اب یہ کہتے ہیں کہ کمیٹیوں کی سربراہی ہمیں دے دیں تو ایوان چلنے دیں گے۔اگر ریڑھی اور فالودے والوں کے اکاﺅنٹس سے پیسے نکلے ہیں تو حکومت کا کیا قصور ہے۔ ملک اور عوام کو بے دردی سے لوٹنے والے دوبارہ سے یہ سفر شروع کرنا چاہتے ہیں لیکن پی ٹی آئی حکومت انہیں ایسا نہیں کرنے دے گی جس نے پیسہ لوٹا ہے اسے حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں سننے کی بھی سکت نہیں، ان کے پاس دلیلیں ختم ہو چکی ہیں۔