وزیراعظم عمران خان نے تاریخی پیکیج دیا،اپوزیشن کو قیمتوں میں کمی پر تکلیف ہے ،وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید

92
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کی ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان نے تاریخی پیکیج دیا،اپوزیشن کو قیمتوں میں کمی پر تکلیف ہے، بلاول پہلے الیکشن لڑیں، عوام کے مسائل سمجھیں پھر بات کریں، ماضی کے حکمرانوں نے عوام کے اربوں روپے اپنی شہ خرچیوں پر اڑا دیئے ، گذشتہ ادوار میں نجی دوروں پر قوم کے اربوں روپے اڑا ئے گئے، زرداری نے12لاکھ 7 ہزار790 ڈالر کے سرکاری خرچ پر 48 نجی دورے کئے ، نواز شریف نے 33 لاکھ 83 ہزار 853ڈالر اپنے 25 نجی دوروں پر خرچ کئے ، کورونا کے دوران ایک کروڑ 60 لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار روپے دیئے گئے ، پہلے پاکستان کو ڈومور کا حکم دیا جاتا تھا، اب وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں ایبسلوٹلی ناٹ، وزیراعظم آزاد اور خود مختار ریاست کے سربراہ کے طور پر فیصلے کرتے ہیں۔

بدھ کو ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ ماضی کے حکمران ملکی اکانومی اور خزانے کو آئی سی یو میں چھوڑ کر گئے ، وزیراعظم عمران خان نے ملک کو آئی سی یو سے نکالا اور اسے استحکام دیا، عالمی جرائد اور رپورٹس میں پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کا عندیہ دیا جارہا تھا، اسے ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، ماضی کے حکمرانوں کے لئے گئے قرضوں کی مد میں اربوں ڈالر سود کی مد میں ادا کرنے تھے وہ موجودہ حکومت نے ادا کئے اور ٹیکسز کے اہداف حاصل کیے، پہلے پاکستان کو ڈومور کا حکم دیا جاتا تھا، اب وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں ایبسولوٹلی ناٹ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے فیصلوں سے پوری قوم خوش ہے، پیپلز پارٹی، (ن) لیگ کو قوم کا دکھ نہیں، پہلی اپوزیشن ہے جس کو قیمتوں میں کمی پر تکلیف ہے، گذشتہ ادوار میں دوروں پر قوم کے اربوں روپے اڑا دیئے گئے، زرداری نے12لاکھ 7 ہزار790 ڈالر کے سرکاری خرچے پر 48 نجی دورے کئے ، نواز شریف نے 33 لاکھ تیراسی ہزار 853ڈالر اپنے 25 نجی دوروں پر خرچ کیے، وزیراعظم کے بیرونی دوروں پر ماضی کے مقابلہ میں کم اخراجات آئے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عام طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے احساس پروگرام، صحت انصاف کارڈ پروگرام، پنا ہ گاہیں، سستے قرضے اور دیگر پروگرامز کا اجراء کیا۔انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مارکیٹ سے منسلک ہیں، روس، یوکرین تنازع اور کورونا کی عالمی وباء کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں، اور پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوئی، وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں تاریخ کا سب سے بڑا تاریخی پیکیج دیا، وزیراعظم نے پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا، پہلی اپوزیشن ہے جس کو قیمتوں میں کمی پر تکلیف ہے، احساس پروگرام کے تحت ملنے والی رقم میں اضافہ کیا گیا، آئی ٹی سیکٹر میں ٹیکسز ختم کر دیئے، صحت کارڈ کے ذریعے شہری 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کرا سکتے ہیں، اگلے دو سالوں میں کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لئے 460ارب روپے کے سستے قرضے دیئے جائیں گے، گریجویٹ کیلئے 30 ہزار روپے کی انٹرن شپ کا اعلان کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے باوجود صنعتوں کو بحال رکھنے کیلئے اقدامات کئے گئے، پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، نوجوانوں کو بلاسود قرضے دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کیلئے سکالرشپس دیئے جا رہے ہیں، پہلی اپوزیشن ہے جس کو قیمتوں میں کمی پر تکلیف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف نے کیمپ آفسز پر قوم کے اربوں روپے خرچ کر دیئے، ذاتی گھروں کی سکیورٹی پر سینکڑوں پولیس اہلکار تعینات تھے، وزیراعظم عمران خان کا ایک بھی کیمپ آفس نہیں، وزیراعظم عمران خان ذاتی گھر میں مقیم ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے فیصلوں سے پوری قوم خوش ہے، پیپلز پارٹی، (ن) لیگ کو قوم کا دکھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمران قوم کے پیسوں سے بیرون ملک علاج کراتے تھے، انہیں احساس ہوتا تو عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرتے، وزیراعظم نے قوم کو صحت کارڈ جیسی سہولت دی، کورونا کے دوران ایک کروڑ 60 لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار روپے دیئے۔

انہوں نے کہا کہ مقصود چپڑاسی کے اکائونٹ میں 375 کروڑ روپے آئے، شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کے تمام ثبوت سامنے آ چکے ہیں، کراچی کو کچرا کنڈی بنا دیا گیا، اربوں روپے کی گندم چوہے کھا گئے، سندھ میں روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو بے گناہ قتل کیا جا رہا ہے، سندھ کے عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، ہسپتالوں سے ڈاکٹر ز، ایمبولینس اور دوائیاں غائب ہیں، سڑکوں کی حالت ابتر ہے، پنشنرز کو بھی نہیں بخشا گیا، اربوں روپے کی گندم بھی چوہے کھا گئے، تھر میں غربت اور بھوک سے بڑی تعداد میں بچے فوت ہوگئے ۔