وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود کا ایم- 14 پر مسافروں کو سہولیات کی فراہمی اورترقیاتی کاموں کا جائزہ ، ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت

532

پشاور۔18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود نے جمعرات کو ایم- 14 پر مسافروں کو سہولیات کی فراہمی اورترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جبکہ متعلقہ حکام کو ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے موٹر وے پر ہکلہ، دریائے سندھ اور عبدالخیل سروس ایریا میں پٹرول پمپس، مساجد اور دکانوں اور ہوٹلوں کی تعمیر کے ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ لیا۔اس موقع پر موٹروے حکام، سیکرٹری مواصلات کیپٹن (ر) خرم آغا، چیف سیکرٹری پنجاب، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ممبر فنانس محمد طیب اور دیگر حکام بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔

وفاقی وزیرمواصلات کو بتایا گیا کہ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قومی شاہراہوں پر تجاوزات اور سرکاری ٹول کی خلاف ورزی اور منافع خوری کو روکنے کے لیے مجسٹریٹ کا اختیار استعمال کریں۔اجلاس میں کہا گیا کہ ڈی آئی جی موٹرویز محمد یوسف ملک، سیکٹر کمانڈر ہکلہ تا میانوالی، ڈیرہ اسماعیل خان کی نگرانی میں مسافروں کے لیے سیکیورٹی اور دیگر سہولیات کے بہترین انتظامات کریں گے۔

دریں اثناء سی پیک موٹر وے پر مسافروں نے وفاقی وزیر مولانا اسد محمود کی جانب سے سڑک پر سہولیات اور ترقیاتی کاموں کو بہتر بنانے میں خصوصی دلچسپی لینے پر انہیں سراہا اور امید ظاہر کی کہ ایم- 14 مستقبل میں ایک بین الاقوامی تجارتی شاہراہ ثابت ہوگی۔