وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ کی نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہیڈ کوارٹر آمد پر این ایچ اے حکام سے بات چیت

87

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سندھ سمیت پورے ملک میں جاری تعمیراتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف ملکی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ قومی شاہراہوں کی تعمیر سے صنعت و تجارت،زراعت اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہیڈ کوارٹر آمد پر این ایچ اے حکام سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن (ر)محمد خرم آغا نے ملک بھر اور خصوصا ً صوبہ سندھ میں جاری تعمیری منصوبوں بارے وفاقی وزراء کو مفصل بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ نے سکھر اور سندھ کے دیگر علاقوں میں جاری اور مستقبل میں طے کئے جانے والے تعمیراتی منصوبوں میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ تعمیر و ترقی کا عمل اگر برق رفتاری سے جاری رکھا گیا تو ان منصوبوں کی تکمیل عالمی معیار کے مطابق جلد ہوگی۔

وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف ملک میں معاشی ترقی کیلئے ٹھوس انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں،اس حوالہ سے موٹرویز اور قومی شاہراہوں کی تعمیر وتوسیع خصوصی اہمیت رکھتی ہے،جس سے لامحالہ علاقہ کے عوام کے نہ صرف بنیادی مسائل حل ہوں گے بلکہ ان کا معیار زندگی بھی بلند ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں جو تعمیراتی منصوبے سست روی کا شکار رہے،اب ان پر تیزی سے کام شروع کردیا گیا ہے تاکہ ان کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔وفاقی وزیر اسعد محمود نے وفاقی وزیر سید خورشید شاہ اور سندھ کے عوام کو یقین دلایا کہ جاری تعمیراتی منصوبے ان شاء اللہ برق رفتاری سے مکمل ہوں گے۔انہوں نے این ایچ اے حکام پر زور دیا کہ ایمانداری،دیانتداری اور جانفشانی جیسے جذبے قوموں کو تیز تر ترقی سے ہمکنار کرتے ہیں۔

اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکھر۔حیدر آباد موٹروے (M-6) کی تعمیر کا منصوبہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔اس موٹروے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ(پی پی پی)کی بنیاد پر مکمل کیاجائے گا۔ 306کلومیٹر طویل اس موٹروے پر جلد کام شروع کرنے کیلئے دستاویزی کام کر لیا گیا ہے۔ مجوزہ سکھر۔حیدر آباد موٹروے کی لمبائی 306 کلومیٹرہوگی۔6 رویہ اس موٹروے پر 14 انٹرچینج،دریائے سندھ پر بڑا پل،6 فلائی اوورز،10 سروس ایریاز اور12 ریسٹ ایریاز تعمیر کئے جائیں گے۔