اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ مصدق مسعود ملک سے کرغزستان کے سفیر آوازبیک اتاخانوف نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں ماحولیاتی، جنگلی حیات، جنگلات اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور پہاڑی جانوروں کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات پر بھی اتفاق ہوا۔ اس موقع پر پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مشترکہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تعاون کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
کرغزستان کے سفیر نے پاکستان-کرغزستان بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی کو باضابطہ دعوت بھی دی۔ ملاقات میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان موسمیاتی موافقت، حیاتیاتی تنوع، جنگلی حیات کے تحفظ اور صاف توانائی میں تعاون بڑھانے کا عہد کیا گیا اور برفانی چیتے اور مارخور جیسے نایاب پہاڑی جانوروں کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583760