شیخوپورہ۔ 01 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے جناح پارک قاسم روڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا، تعمیراتی کام کے افتتاح کے حوالے سے مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری ملک پرویز اقبال کی طرف سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں میاں ذیشان پرویز، میاں منور اقبال، میاں رفاقت علی، حاجی اکبر علی چوہان، شاہجہان خان لودھی، شیخ عظیم جاوید، شاہجہان ملک،سہیل شاہد، میاں محمد اعظم، ملک عرفان اسلام، رفیق بھٹی، سیٹھ محمد طارق، افضل نظامی، میاں ظہور احمد، شفاقت علی چوہان، میاں بابر منشاء، ملک اشتیاق احمد ڈوگر، ملک شاہزیب، رانا مہران فیاض، رانا سمیع الیاس، چوہدری حبیب منج، وقار مشتاق، سعید الرحمن خان، رانا ندیم و دیگر پارٹی رہنماؤں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پونے چار سالہ دور اقتدار میں ملک کی بدقسمتی رہی کہ کوئی میگا پراجیکٹ پاکستان میں شروع نہ ہوسکا اس عرصہ میں شیخوپورہ کو بھی کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا، اتحادی حکومت نے اقتدار سنبھال کر میاں نواز شریف کے ویژن کی تکمیل کا آغاز کیا اور تعمیر و ترقی کے منصوبے شروع ہوئے شہر شیخوپورہ میں ایک ارب روپے کی لاگت سے لنک روڈز کو کارپٹ کیا جا رہا ہے یہ منصوبہ شہریوں کیلئے بڑے ریلیف کا باعث بنے گا، انہوں نے کہا کہ 9 اور 10مئی کے واقعات کے بعد ریاست کہہ رہی ہے کہ مجھے انصاف چاہیے،
پاکستان کے دفاعی اداروں پر حملہ ملک دشمن اور دہشت گرد ہی کر سکتا ہے، نام نہاد انصاف کی ٹھیکیدار جماعت کے دور میں پاکستان دفاعی لحاظ سے کمزور ہاتھوں میں گیا، ملکی استحکام خطرے میں پڑا اور معیشت تباہ ہوئی، کشمیر کا سودا کیا گیا، قاسم کے ابو کو نواز شریف کی قیادت میں ترقی کرتا پاکستان اچھا نہیں لگتا تھا، انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے کونے کونے سے ایک ہی آواز آرہی ہے کہ 2017 میں نواز شریف سے ناانصافی ہوئی آج نواز شریف سے ناانصافی کا مداوا بہت ضروری ہے نواز شریف کو انصاف فراہم کرکے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے نواز شریف کی وطن واپسی پر پرتپاک استقبال کریں گے اور اپنے قائد کی قیادت میں نواز لیگ انتخابی میدان میں اترے گی۔\