وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی زیرصدارت ہفتہ وار اجلاس،سرکاری اداروں کی نجکاری کا جائزہ‎

61

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری بورڈ محمد میاں سومرو کی زیرصدارت ہفتہ وار اجلاس میں سرکاری اداروں کی نجکاری کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت نجکاری کی جانن سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی زیرصدارت نجکاری کمیشن ہفتہ وار جائزہ اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری نجکاری حسن ناصر جامی، ایڈیشنل سیکرٹری نجکاری خاقان بابر سمیت اعلی افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کو نجکاری لسٹ میں شامل مختلف اداروں پر ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی اور نجکاری کے سلسلہ میں درپیش مشکلات اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سروسز انٹرنیشنل ہوٹل، ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس، گدو اور نندی پور پاور پلانٹس، جناح کنونشن سنٹر، فرسٹ ویمن بینک اور نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کے حوالہ سے اب تک کی کارگزاری کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی پر ہونے والی حالیہ پیش رفت سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا گیا جبکہ ماڑی گیس، او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کے شئیرز کی فروخت کے معاملات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر محمد میاں سومرو نے کہا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری کی کامیاب اور بروقت تکمیل کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور اسٹیک ہولڈرز کا تعاون بہت ضروری اور بنیادی اہمیت کا حامل ہے اسلئے بین الوزارتی میٹنگز کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ آخر میں وفاقی وزیر نے اجلاس میں شریک حکام کو ہدایات دیں کہ وہ اداروں کی نجکاری کیلئے تمام کوششیں مستعدی کے ساتھ عمل میں لائیں تاکہ مقررہ وقت کے اندر اہداف حاصل کئے جا سکیں۔