سینٹ پیٹرزبرگ۔20جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک کی سربراہی میں اعلی سطحی وفد نے نے روس کی معروف تیل و گیس کمپنی گیزپروم کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات اور گیزپروم کی عالمی سطح پر تیل و گیس کی تلاش، پیداوار اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مہارت کو مدنظر رکھتے ہوئے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں خاص طور پر گیزپروم انٹرنیشنل اور او جی ڈی سی ایل کے درمیان مشترکہ منصوبوں اور کاروباری مواقع کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
روسی وفد کی قیادت گیزپروم انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر جنرل سرگئی تومانوف نے کی۔اس موقع پر آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد لک بھی موجود تھے۔ او جی ڈی سی ایل اور گیزپروم انٹرنیشنل نے اتفاق کیا کہ باہمی مشاورت کے عمل کو جاری رکھیں گے تاکہ قابل عمل منصوبے اور شراکت داری کے مواقع تلاش کئے جا سکیں جو دونوں ممالک کے لئے پائیدار توانائی کی ترقی اور معاشی خوشحالی کو یقینی بنائیں گے۔یہ ملاقات پاکستان اور روس کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے جو توانائی کے شعبے میں طویل المدتی تعاون اور مشترکہ معاشی ترقی کے وژن کو تقویت دیتی ہے۔