وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کا تخت پڑی کے مقام پر جلسہ عام سے خطاب

91

اسلام آباد ۔ 26 جنوری (اے پی پی)وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ مکافات عمل شروع ہو گیا ،تین بار وزیراعظم رہنے والا شخص آج پابند سلاسل ہے ، سابقہ وزیراعلی بھی پیشیاں بھگت رہا ہے،تحریک انصاف کی حکومت آئی تو 1280 ارب روپے کا گردشی قرضہ ورثے میں ملا،پچھلی حکومت کی ہر پالیسی ملکی مفادات کے خلاف تھی، ایسے لوگوں کا احتساب ضرور ہو گا۔ہفتہ کو اپنے حلقے میں تخت پڑی کے مقام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک معاشی بدحالی کا شکار ہے ،تحریک انصاف کی حکومت آئی تو بارہ سو اسی ارب روپے کا قرضہ ورثے میں ملا۔غلام سرور خان نے کہاکہ واپڈا اور سوئی گیس جیسے محکمے بھی مقروض ہو چکے ہیں، سوئی گیس کا 157 ارب روپے کا نقصان ہے، پی آئی اے کو اپنی سروسز جاری رکھنے کے لیے تیل تک میسر نہیں ہے ،غلام سرور خان نے کہاکہ پی ای اے 25 سو ارب روپے کی مقروض ہے ،پی آئی اے کا جہاز تک سابقہ دور حکومت میں چوری ہو کر جرمنی پہنچ گیا،پچھلی حکومت نے ملک کے بخیے ادھیڑ دیے ،پچھلی حکومت کی ہر پالیسی ملکی مفادات کے خلاف تھی،ایسے لوگوں کا احتساب ضرور ہو گا ۔غلام سرور خان نے کہا کہ مکافات عمل شروع ہوچکا ہے ،تین بار وزیراعظم رہنے والا شخص آج پابندسلاسل ہے جبکہ سابقہ وزیراعلی بھی پیشیاں بھگت رہا ہے ،ہم انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے ،غلام سرور خان نے کہا کہ ریفارمز اور تعمیر و ترقی کے منصوبوں پر توجہ دی جائے گی، ایم این اے صداقت علی عباسی کے ساتھ ملک کر علاقے میں صحت تعلیم اور فراہمی گیس جیسے منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔