اسلام آباد ۔ 12 اگست(اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دیگر ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم ہیں‘ ای 10 متعارف کرانے کی کوئی تجویز حکومت کے زیر غور نہیں ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شکیلہ لقمان کے سوال کے جواب میں وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ اس وقت ای 10 متعارف کرانے کی کوئی تجویز حکومت کے زیر غور نہیں ہے، اس کی مانگ اور دستیابی نہیں ہے اس کی قیمتیں بھی پٹرول کے برابر ہی ہیں، ہم پھر بھی اس بارے میں تجویز دیکھ لیں گے۔ حکومت کے اقدامات میں ملک میں پٹرول انتہائی کم قیمت پر دستیاب ہے۔ شکیلہ لقمان کے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سونے اور تانبے کے ذخائر سے وفاق کا تعلق نہیں یہ صوبوں کے دائرہ کار میں آتا ہے، اس کے لئے پٹے پر گرانٹ کے لئے ایگزیکٹو اتھارٹی صوبوں کا اختیار ہے۔