راولپنڈی 04فروری (اے پی پی )وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل غلام سرور خان نے کہا ہے کہ ملک لوٹنے والوں کا احتساب ہو کر رہے گا، اب انہیں حساب دینا ھوگا اور جیلوں میں جانا ھوگا،دونوں گیس کمپنیاں 142ارب روپے کی مقروض ہیں، اگر قیمتوں میں اضافہ نہ کرتے تو 154 ارب کی مزید مقروض ہو جاتیں ، احتساب سب کا ہو گا ، مرنے والوں کے اکاونٹ سے بھی رقم نکل رہی ہے ، مسلم لیگ نے صرف الیکشن جیتنے کی خاطر 55 ارب روپے کی سکیمیں دیں، ایک برس میں 50 ارب روپے کی گیس چوری ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اہلیان حلقہ این اے 59 کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ 1885 سے لے کر اب تک ن لیگ کے خلاف کھڑا ہوں ، تحریک انصاف نہ بکے گی نہ جھکے گی ،احتساب ہو کر رہے گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے لیڈر اپنی لوٹ مار کے خوف سے ایک دوسرے کے ساتھ اتحاد کر رہے ہیں دونو ں کی لو ٹ مار نے ملک کو تباہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کو ہاتھ ملانا گوارا نہ کرنے والا عوامی نمائندہ کیسے ہو سکتا ہے ،حلف اٹھانے کے بعد پتا چلا ہے کہ عمران خان کو خفیہ ڈیل کی پیش کش ہوئی ہے مگر وہ نہیں مان رہے ہیں ،نہ ڈیل ہو گی نہ ڈھیل احتساب سب کا ہو گا۔ پوری فیملی کے اثاثے آمدن سے زیادہ ہیں ۔ اس موقع پر تحریک انصاف حلقہ این اے 59 کی سماجی و سیاسی شخصیت ملک نعیم اعوان ،امیر افضل ،چوہدری محمد افضل ، سمیت معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔غلام سرور خان نے کہاکہ انتخابی مہم کے دوران پی ٹی آئی نے عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے وہ پورے ہوں گے پہلی گرانٹ روات چک بیلی سمےت حلقے کے عوام پر خرچ کروں گا ۔چکری میں چونترہ اور روات میں کالج بناوں گا، ریسکیو 1122 کی سہولت کے ساتھ ساتھ ہسپتال بھی بناوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اراضی سنٹر کی تعداد میں بھی اضافہ ہو گا تاکہ عوام کہ مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان کو عوام نے منتخب کیا اب وہ حلف لینے سے خوف زدہ ہیں عدالت میں کیس ہے جلد فیصلہ ہو جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=132911