اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اتوار کو ایچ۔ 9 رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا تاکہ اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور قیمتوں اور دیگر سہولیات و انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کے ہمراہ وزیراعظم ریلیف پیکیج سے منسلک سٹالز کا دورہ کیا، خریداروں سے بات چیت کی اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے شہر بھر میں کئے گئے اقدامات کی تفصیلات حاصل کیں۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سرکاری سٹالز پر سبسڈی والے پھلوں اور سبزیوں کے معیار اور اشیاء ضروریہ کی دستیابی کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے براہ راست خریداروں سے بات کر کے قیمتوں اور سپلائی کے حوالے سے ان کی رائے جاننے کی کوشش کی۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں نے تصدیق کی کہ وفاقی دارالحکومت میں 20 مخصوص فئیر پرائس شاپس میں 15 اہم بنیادی غذائی اشیا بشمول سبزیاں اور پھل کم قیمت پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے وفاقی وزیر کو آپریشنل تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ضروری اشیا تک آسان رسائی کے لیے 6 مخصوص رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں۔ یہ بازار اور فئیر پرائس شاپس مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور سرکار کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں کی فہرست کی پابندی یقینی بنانے کے وسیع تر اقدامات کا حصہ ہیں۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد اور سختی سے نفاذ کی ضرورت پر زور دیا اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ بازاروں کی نگرانی کریں۔ انہوں نے سٹالز پر سٹاک اور صفائی کے معیار کا بھی جائزہ لیا اور سٹال ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ عوامی سہولت کو ترجیح دیں۔
وزیراعظم ریلیف پیکیج، جس کے تحت یہ اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں، کا مقصد رمضان کے دوران متوسط اور کم آمدنی والے خاندانوں کو کم قیمت پر اشیا فراہم کرنا ہے۔وفاقی وزیر کا یہ دورہ رمضان کے دوران قیمتوں کے استحکام پر حکومت کی توجہ کا مظہر ہے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزیوں کے خلاف ”زیرو ٹالرنس” پر زور دیا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573287