وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں بچھائی گئی مصنوعی ہاکی آسٹرو ٹرف کی افتتاحی تقریب سے خطاب

184

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور اقتدار میں کھیلوں میں انقلابی تبدیلیاں لائی جائیں گی تاکہ کھیلوں کو گراس روٹ سطح سے بلند کیا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں بچھائی گئی مصنوعی ہاکی ٹرف کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری محسن مشتاق ، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل (ر) محمد آصف زمان ، ڈائریکٹر ( میڈیا) محمداسلام شاہد کے علاوہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خزانچی محمد اخلاق عثمانی بھی موجود تھے۔ انہوں نے آسٹروٹرف بچھانے پرتمام ا سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد پیش کی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں کھیلوں کے تمام کورٹس اور میدانوں کو اپ گریڈ اور بہتر بنایا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی)کو ملک میں جاری کرونا وائرس کی تیسری خطرناک لہر کے باعث تمام کھیلوں کی سرگرمیوں کو بند کرنا پڑا ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے اس موقع پرایک میچ منعقد کروانے کا منصوبہ بھی بنایا تھا جس کو ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے منسوخ کرنا پڑا اورلیکن ملک میں جاری کرونا وائرس کی صورتحال کی وجہ سے ہم نے ٹیموں کو کھیلنے کے لئے بھی نہیں بلایا۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی قومی سپورٹس پالیسی کا ایک حصہ ہے اور نچلی سطح پر لڑکوں اور لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کو بھی ہاکی کے کھیل کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ نوجوانوں میں ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لئے اسکولوں ، کالجوں اور ضلعی سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ علاقائی تنظیموں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو قومی کھیل کی ترقی کے لئے آگے آنا چاہئے تاکہ ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکے اور ایک بار پھر ملک کے لئے اعزاز حاصل کیا جا سکے۔