اسلام آباد ۔ 3 جون (اے پی پی) دہشت گردی اور سکیورٹی خدشات کے باعث 11سال کی بندش کے بعد برٹش ائیرویز نے پاکستان کیلئے اپنافلائٹ آ پریشن باقاعدہ بحال کر دیا ، برٹش ائیر ویز کی پہلی پرواز240 اسلام آباد پہنچ گئی ۔برٹش ایئرویز کی پہلی پرواز صبح 9 بجکر 10 منٹ پر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری جہاں پر وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان،وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل عبدالرزاق داﺅد، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیزو چیئرمین پی ٹی ڈی سی ذوالفقارعلی بخاری ، برطانیہ کے ہائی کمشنر ٹامس ڈریو، برٹش ائیرویز کے چیف کمرشل آفیسر اینڈریو بریم اور سیکرٹری ہوابازی/ ڈائریکٹر جزل سول ایوی ایشن شارخ نصرت سمیت اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہاکہ برٹش ایئر ویز کا لندن اسلام آباد روٹ برطانیہ میں رہنے والے پاکستانیوں کے لئے براہ راست کنکشن اور آسانی پیدا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون اور دوستی کا رشتہ ہے،پاکستان اور برطانیہ کے مابین ایوی ایشن سیکٹر کا رشتہ کافی تاریخی ہے،سکیورٹی کی وجہ سے 2008 میں برٹش ائیرویز نے پاکستان میں اپنا فضائی آپریشن بند کر دیا تھا۔