وفاقی وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈا کی ازبکستان کے وزیرسرمایہ کاری، صنعت و تجارت لذیزقدرت سے ملاقات

94
Ishaq Dar

تاشقند۔23فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے جمعرات کوتاشقند میں ازبکستان کے وزیرسرمایہ کاری، صنعت وتجارت لذیزقدرت سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اورازبکستان کے درمیان معیشت، تجارت، اورتجارتی تعلقات میں اضافہ کے طریقوں پرغورکیاگیا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ازبکستان وسطی ایشیا کااہم ملک ہے اورپاکستان ازبکستان سمیت وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تعلقات کوفروغ دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات قائم ہیں اورضرورت اس امرکی ہے کہ تجارت اورسرمایہ کاری کے شعبہ جات میں موجود مواقع سے بھرپوراستفادہ کیاجائے جو دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے۔ ازبکستان کے وزیرسرمایہ کاری، صنعت و تجارت لذیزقدرت نے وزیرخزانہ کا خیرمقدم کیا اورکہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اورمعیشت کے دیگرشعبوں میں تعاون کوفروغ دینے کی ضرورت ہے۔وزیرخزانہ آٹھویں پاکستان ازبکستان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کیلئے جمعرات کوتاشقند پہنچے اورکمیشن کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔