
اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و امور داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں کراچی سمیت ملک بھر میں امن آیا ہے، حکومت نے انتہاءپسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے، ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے، محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ملک کی معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام اور جمہوریت کا تسلسل ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پی آئی ڈی میں مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے 4 سالہ دور اقتدار میں معیشت نے ترقی کی ہے، جی ڈی پی کی شرح 5 فیصد تک پہنچ گئی ہے، اس میں 2 فیصد اضافہ انتہائی قابل ستائش ہے جبکہ رواں سال اسے 6 فیصد تک لایا جائے گا۔