راولپنڈی۔6مئی (اے پی پی):در بارِ عالیہ عید گاہ شریف میں غوث العالم حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانی ؒ و شیخ المشائخ حضرت شاہ رکنِ عالم ؒ کے سجادہ نشین و وفاقی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹن ٹرنر، مخدوم زادہ زین حسن اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمن و پیر محمد حسان حسیب الرحمن کے ہمراہ روزہ افطار کیا اور باہمی گفتگو کے دوران کہا کہ دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کی دینی و تبلیغی خدمات اور وطنِ عزیز میں اخوت، رواداری، بھائی چارے اور امن و سلامتی اور مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود کے لئے کی جانے والی ہر ممکن کوشش قابلِ تحسین ہیں۔
اسلام کی حقانیت کی اصل تصویر، مخلوقِ خدا کو آپس میں شیر و شکر کرنے اور ہر آنے والے کے ساتھ ادب و احترام سے پیش آنے اور احترامِ آدمیت کی جو دکش تصاویر بزرگانِ دین کے آستانوں پر نظر آتی ہیں اسکی مثال نہیں ملتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رشد و ہدایت کے یہ مراکز ذ ہنی، قلبی اور روحا نی سکون کا باعث ہیں۔ در بار عالیہ عید گاہ شریف نا صرف وطنِ عزیز پاکستان بلکہ پوری دنیا میں اتحادِ بین المسلمین کا داعی اور اتحاد و اتفاق ِ امت کا مرکز ہے جہاں بلا تفریق رنگ و نسل، مذہب، علاقہ مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے اور مخلوقِ خدا کے دلوں کو توحید، عشقِ رسولِ مقبول ﷺ اور دینِ متین اسلام کی اعلیٰ ترین تعلیمات سے منور کیا جاتا ہے۔