اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):وفاقی پولیس کاغیر رجسٹرڈ ، غیر نمونہ اور نمائشی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کیخلاف بھرپورکریک ڈائون جاری ہے، رواں سال کے دوران اب تک 09 ہزار203 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ، متعدد گاڑیاں اورموٹر سائیکل مختلف تھانہ جات میں بند کئے گئے۔
پولیس ترجمان کی طرف سے جاری تفصیلا ت کے مطا بق اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبرناصرخاں کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کویقینی بنانے اور قانون کی بالادستی کو مزید موثر کرنے کیلئے غیر رجسٹرڈ، فینسی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلا ف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد بھر میں مختلف مقامات پر خصوصی پولیس دستے تعینات کئے گئے ہیں جو بلاتفریق کارروائیاں عمل میں لارہے ہیں۔
تمام زونل ڈی ایس پیز کو غیر رجسٹرڈ ، نمائشی اور غیرنمونہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی کو مزید موثر بنانے کیلئے خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ رواں سال کے دوران اسلام آبادکیپیٹل پولیس نے09 ہزار203 گاڑیوں اورموٹرسائیکل سواروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جبکہ متعدد گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کو مختلف تھانہ جات میں بند بھی کیا گیا۔ اس کے ساتھ متعدد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سے نمائشی و غیر نمونہ نمبر پلیٹس کو اتارابھی گیا۔
شہر یو ں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیو ں اور موٹر سائیکلوں کو جلد سے جلد رجسٹرڈ کروائیں اور صرف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ نمبر پلیٹس کا استعمال کریں۔