وفاقی کابینہ سے رائٹ آف وے پالیسی کی منظوری وزارت آئی ٹی کی تاریخی کامیابی ہے، ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کے لئے پالیسی بنیادی کردار ادا کرے گی، وفاقی وزیر سید امین الحق

231
حکومت آئندہ سال دسمبر میں تیز رفتار 5 جی انٹرنیٹ سروس شروع کرے گی، وفاقی وزیر سید امین الحق کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو
حکومت آئندہ سال دسمبر میں تیز رفتار 5 جی انٹرنیٹ سروس شروع کرے گی، وفاقی وزیر سید امین الحق کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق نے وفاقی کابینہ سے رائٹ آف وے پالیسی کی منظوری کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کے لئے پالیسی بنیادی کردار ادا کرے گی۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ ٹیلی کام ایکٹ کی منظوری کے برسوں بعد بھی رائٹ آف وے پالیسی پر کام نہیں کیا گیا، اسی طرح ماضی کی کسی حکومت نے رائٹ آف وے کو کبھی اہمیت نہیں دی، فائبر آپٹک کیبل بچھانی ہو یا ٹیلی کمیونیکیشن کی توسیع کا معاملہ ہو، ایسی کئی رکاوٹیں حائل رہتی تھیں۔ سید امین الحق نے کہا کہ ملکی اورغیرملکی کمپنیاں ان رکاوٹوں کی وجہ سے سرمایہ کاری سے اجتناب کرتی تھیں، اس تناظر میں ہماری بھرپور کوشش تھی کہ ڈیجیٹلائزیشن کیلئے گراؤنڈ پر درپیش مسائل کا ازالہ ہو، اب ہم پرامید ہیں کہ رائٹ آف وے پالیسی کی منظوری سے ٹیلی کام سیکٹر میں انقلاب آئے گا۔ وفاقی وزیر کے مطابق دسمبر 2022 تک فائیو جی نیٹ ورکنگ کی راہ میں یہ پالیسی کلیدی کردار ادا کرے گی جبکہ ملک بھر میں ڈیجیٹلائزیشن اور نیٹ ورکنگ کا جال بچھانے میں اب آسانیاں ہوں گی۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کاوشوں سے وفاقی کابینہ نے رائٹ آف وے پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ وزارت آئی ٹی جلد ہی رائٹ آف وے پالیسی کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دے گی جس کے بعد تمام صوبے اور اس کے متعلقہ ادارے اس پالیسی کے تحت ٹیلی کام سیکٹر کے لئے رائٹ آف وے فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔ اس پالیسی کے تحت مطلوبہ علاقوں میں کام کرنے کے لئے فیس کا ایک سٹرکچر بنایا گیا ہے تاکہ مطلوبہ معیار سے زائد وصولیوں کا سدباب ہو سکے، اسی طرح ٹیلی کام تنصیبات کو ’’کریٹیکل انفراسٹرکچر‘‘ میں شمار کیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے کام میں کسی قسم کی رکاوٹ یا غیر ضروری مسائل پیدا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ "کامن سروسز کوریڈور”، ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی سیکورٹی، صحت کے اصولوں پر سیفٹی اقدامات سمیت دیگر اہم امور رائٹ آف وے پالیسی میں شامل کئے گئے ہیں جن کی پابندی تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ پر لازم ہوگی اور یہ ایک طرح کا ون ونڈو آپریشن ہوگا۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے پالیسی کی منظوری کو وزارت آئی ٹی کی تاریخی کایابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کے لئے پالیسی بنیادی کردار ادا کرے گی۔