وفاقی کابینہ نے بجلی تقسیم کرنے والی چھ کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تنظیم نو، دو نجی کمپنیوں کو بیرون ملک مزید پروازیں چلانے کی اجازت دیدی

121

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے بجلی تقسیم کرنے والی چھ کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تنظیم نو، دو نجی کمپنیوں کو بیرون ملک مزید پروازیں چلانے کی اجازت دیدی ہے۔ وزیراعظم آفس کے ٹویٹ کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منگل کو ہوا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کابینہ کو حالیہ th 47اوآئی سی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وفاقی کابینہ نے بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں (ڈسکوز) کی استعداد کار مزید بہتر کرنے کیلئے 6 ڈسکوز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تنظیم نو کرنے کی منظوری دی۔ ان میں فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، حیدر آباد، پشاور اور کوئٹہ ڈسٹری بیوشن کمپنیاں شامل ہیں۔ کابینہ نے ان کمپنیوں کے بورڈز پر مقامی نمائندے شامل کرنے کی متفقہ منظوری بھی دی۔ کابینہ نے شکیل احمد منگنیجو کی بطورچیئرمین پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ نے ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ بحری امور نادرممتاز وڑائچ کی کراچی پورٹ ٹرسٹ میں بطور چیئرمین تعیناتی کی منظوری دی یہ اضافی چارج تین ماہ کے لئے دیا گیا ہے اس دوران ریگولر چیئرمین کی تعیناتی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ نے قومی ایوی ایشن پالیسی 2019ء کے تحت دو نجی پاکستانی ہواباز کمپنیوں بشمول سیرین ایئر اور ایئر بلیو کو مزید ملکوں میں بین الاقوامی پروازیں چلانے کی اجازت دی۔ کابینہ نے کمیٹی برائے قانون سازی کے 18نومبر 2020 کو منعقدہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 02 اور 03 دسمبر 2020 کو منعقدہ اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ ڈینٹسٹری میں داخلے کیلئے صوبائی کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے مسلح افواج کے ان اہلکاروں کو 2,500 روپے ماہانہ ایم فل الائونس دینے کی منظوری دی جن کے پاس ایچ ای سی سے تصدیق شدہ ایم فل کی ڈگری موجود ہے یا وہ مستقبل میں حاصل کریں گے۔ سول ملازمین کو پہلے سے ہی یہ سہولت میسر ہے۔ وزارت خزانہ نے کنٹرولر جنرل آف اکائونٹس کی تصدیق کے بعد کابینہ کو مالی سال2014-15سے لیکر مالی سال2017-18 تک وفاق اور تمام صوبوں کی مشترکہ مالی تفصیلات رپورٹ پیش کی۔اگلے کابینہ اجلاس میں اس کا تقابلی جائزہ پیش کیا جائے گا۔