وفاقی کابینہ نے فرخ سبزواری کو سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دیدی

72

اسلام آباد ۔ 27 دسمبر (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے فرخ سبزواری کو سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔ وازرت خزانہ کی جانب سے بطور چیئرمین تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد فرخ سبز واری چیئرمین کی ذمہ داریاں سنھبال لیں گے۔ وفاقی کابینہ نے گزشتہ ماہ 15 نومبر کو فرخ سبز واری کو ایس ای سی پی میں کمشنر تعینات کیا تھا۔ اس وقت طاہر محمود ایس ای سی پی کے قائم مقام چیئرمین تعینات ہیں۔ جمعرات کو ایس ای سی پی سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق فرخ سبز واری کیپٹل اور سکیورٹیز مارکیٹ کا 25 سال سے زائد تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے علاوہ سنگا پور، انڈونیشیا اور امریکہ کی سکیورٹیز مارکیٹ میں بھی کام کیا ہے۔ فرخ سبز واری نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کر رکھا ہے۔ ایس ای سی پی میں کمشنر تعینات ہونے سے پہلے سبز واری، پاکستان کی مالیاتی شعبے کی ایک بڑی فرم، بی ایم اے کیپٹل مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر تھے۔ اس سے پہلے وہ سات سال تک سنگا پور کی ایک بڑی کمپنی کریڈٹ سوئس سکیورٹیز میں 2010 سے 2017 تک سینئر عہدہ پر خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ کسب سکیورٹیز اور دیگر کئی اداروں میں بھی چیف ایگزیکٹو آفیسرکے عہدے پر فائز رہے ہیں۔