لاہور۔5دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے کوروناویکسین کی خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالر کی منظوری دےدی ہے اور ویکسین کی خریداری کےلئے کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، کورونا انجکشن کی قیمت میں نمایاں کمی کی گئی ہے اور 2021کی پہلی سہ ماہی میں ویکسین کی دستیابی متوقع ہے ،ویکسین سب سے پہلے کورونا ہیلتھ ورکرز کو دی جائےگی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ” ریڈیو کلینک “پروگرام میں گفتگو کے دوران کیا۔ پروگرام میں اسسٹنٹ پروفیسر سرجری کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر رانا سہیل نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کے آغاز میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے حکومت کے کورونا ویکسین کے حوالے سے اقدامات بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالر کی منظوری دےدی ہے اور ویکسین کی خریداری کےلئے کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کے حوالے سے سات اہم جزئیات کا خیال رکھا گیا ہے، ویکسین سب سے پہلےکورونا ہیلتھ ورکرز کو دی جائےگی جس کے بعد 65سال سے زائد افراد کو دوسری ترجیح ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کورونا انجکشن کی قیمت میں نمایاں کمی کی گئی ہے اور 2021کی پہلی سہ ماہی میں ویکسین کی دستیابی متوقع ہے۔پروگرام کے آخری حصے میں بذریعہ فون لائن شرکت کرتے ہوئے ڈاکٹر رانا سہیل کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہے مگر میرے سمیت دیگر طبی عملہ ان ہنگامی حالات میں کام کے لیے تیار ہے،میو ہسپتال میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران بھی شدید نوعیت کے آپریشنز کئے جارہے ہیں تاکہ عوام کی خدمت کا جذبہ جاری رہے ۔ان کا کہناتھا کہ وہ مریض جو کینسر اور دیگر سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں ان کا آپریشن کرنا ہماری اولین ترجیح ہے مگر اس کے لیے ہم حکومت پنجاب اور محکمہ صحت کے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کررہے ہیں۔