وفاقی کابینہ کا ستمبر کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

151

اسلام آباد ۔ 31 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ماہ ستمبر کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، ٹیکس امور میں باہمی انتظامی معاونت کے بارے میں 14ستمبر 2016ءکو پیرس میں او ای سی ڈی کے تحت کثیرالطرفہ کنونشن پر دستخط کرنے کی منظوری دی گئی ہے، وفاقی کابنیہ نے 29اگست 2016ءکو ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی ہے، کابینہ نے ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس 2016ءاور پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کے تعین کی بھی منظوری دی ہے۔ وہ بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزرشید بھی اس موقع پر موجود تھے۔