
اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے ملک کوغیر مستحکم کرنے اور انتشار پھیلانے والی قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کے عزم کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کی حکومت دہشت گردوں کو پوری قوت سے کچلنے کا پختہ تہیہ کئے ہوئے ہے ۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے ابتدائی کلمات میں کہی۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہماراعزم ہے کہ اس ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لئے دہشت گردوں کو باہرسے جو بھی معاونت مل رہی ہے انشاءاللہ ہم ان سب کے پیچھے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے کراچی میں چینی قونصل خانے کے باہر اور اورکزئی ایجنسی میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں پہلے سے اس قسم کی کچھ اطلاعات تھیں کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی لیکن یہ پتہ نہیں تھاکہ یہ کارروائیاں کدھر کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے اپنے چین کے دورے اور وہاں بے مثال معاہدوں پر دستخط کا بالخصوص ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں چین کے دورے کا رد عمل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دورہ چین کے معاہدے خفیہ ہیں اور ہم عوام کے سامنے ان کی تفصیلات بیان نہیں کرسکتے لیکن آزادانہ رائے رکھنے والے افراد اور دنیا کو پتہ ہے کہ دورہ چین کے دوران چین کے ساتھ پاکستان کے جس قسم کے معاہدے ہوئے ہیں دنیا میںکسی اور ملک سے نہیں ہوئے۔