26 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومقومی خبریںوکلا اے ڈی آر کا مستقبل ،پاکستانی وکلا اے ڈی آر کے...

وکلا اے ڈی آر کا مستقبل ،پاکستانی وکلا اے ڈی آر کے ذریعے مقامی تنازعات کو موثر انداز میں حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،وفاقی وزیر قانون سینیٹراعظم نذیر تارڑ

- Advertisement -

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے حکومت کی جانب سے اے ڈی آر کو ادارہ جاتی حیثیت دینے کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وزارت قانون و انصاف نے آئی ایم اے سی کا قیام اسی مقصد کے تحت کیا ہے تاکہ اسے ایک قومی استعداد کار ادارہ بنایا جائے اور ملک میں تنازعات کے حل کے کلچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔انہوں نے یہ بات وکلاء کے لیے ثالثی سے متعلق دو روزہ تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزارت قانون و انصاف کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ تربیت وفاقی وزارت قانون و انصاف کے تحت انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربٹریشن سینٹر (آئی ایم اے سی) نے پنجاب بار کونسل کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔اعظم نذیرتارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عدالتوں میں مقدمات کی بھرمار کے پیش نظر متبادل تنازعاتی حل (اے ڈی آر) اب محض ایک آپشن نہیں بلکہ ناگزیر ضرورت بن چکا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وکلاء اے ڈی آر کا مستقبل ہیں اور اس قسم کے تربیتی پروگرام نہ صرف ان کی قانونی مشق اور وکالت کے دائرے کو وسعت دیتے ہیں بلکہ انہیں پیشہ ورانہ ترقی کے نئے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں، خاص طور پر ایسے عالمی قانونی ماحول میں جہاں ثالثی اور مصالحت تیزی سے معمول کا حصہ بن چکی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی وکلا میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ اے ڈی آر کے ذریعے نہ صرف مقامی تنازعات کو موثر انداز میں حل کر سکیں بلکہ اگر انہیں مناسب تربیت و مہارت فراہم کی جائے تو وہ بین الاقوامی ثالثی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین عرفان صدیق تارڑ نے وزارت قانون و انصاف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے وکلاء کے لیے یہ تربیتی پروگرام منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تربیت وکلاء کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے نہایت اہم ہے اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کا انعقاد جاری رہے گا۔ تقریب میں رکن پنجاب بار کونسل محمد احمد قیوم، ایڈیشنل اٹارنی جنرل مرزا نصر احمد، ایڈیشنل اٹارنی جنرل محمد جاوید پرویز اختر اور احسان اللہ خان رجسٹرار انٹرنیشنل میڈیشن اینڈ اربیٹریشن سینٹر نے شرکت کی۔

تربیت میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ثالثین میاں شیراز جاوید اور سید حماد یوسف گیلانی نے مختلف موضوعات پر سیر حاصل لیکچرز دیئے جن میں اے ڈی آر کے بنیادی اصول، قومی و بین الاقوامی ثالثی کے فریم ورک، ثالثی کے طریقہ کار اور اس کی عملی جہات شامل تھیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585282

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں