کوئٹہ۔ 04 فروری (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزادی اور حق خود ارادیت کی جنگ لڑرہے ہیں ،وہ وقت دورنہیں جب انہیں اپنی جدوجہد میں کامیابی نصیب ہوگی ۔
اتوار کو یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کا خواب اسی صورت میں شرمندہ تعبیر ہوسکتاہے جب کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے، کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے اور مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر امن ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بے گناہ کشمیری عوام پر ظلم وجبر جاری رکھے ہوئے ہے لیکن اب بھارت کامکروہ چہرہ دنیا کے سامنے زیادہ دیر تک چھپانہیں رہے گا اورنہ ہی وہ کشمیریوں کی آواز کومزید دباسکتاہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیاہے کہ وہ بھارتی مظالم کانوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کاحق خودارادیت دلوانے کیلئے سنجیدگی سے کوششیں کرے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان کے عوام بھی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہارمیں کسی سے پیچھے نہیں ہیں،ہماری دُعائیں اوراخلاقی حمایت ان کے ساتھ ہے ،وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور مقبوضہ کشمیر معتصب بھارتی ریاستی جبر سے آزاد ہوگا اور دنیا کے افق پر ایک آزاد ریاست کے طور پر ابھرے گا۔