ویرات کوہلی کی 40ویں ون ڈے سنچری، بطور کپتان انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 9 ہزار رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، کیریئر کے ہزار چوکے بھی مکمل

88
ویرات کوہلی

ناگپور ۔ 5 مارچ (اے پی پی) سٹار بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے بطور کپتان انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 9 ہزار رنز مکمل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، انہوں نے تینوں فارمیٹس کی 159 اننگز کھیل کر سنگ میل عبور کیا، انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں کیریئر کی 40ویں سنچری داغ کر یہ اعزاز حاصل کیا، وہ بحیثیت کپتان انٹرنیشنل کرکٹ میں 9 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے چھٹے کھلاڑی ہیں۔ کوہلی نے بطور کپتان ٹیسٹ کرکٹ میں 4515، ون ڈے کرکٹ میں 3973 اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 606 رنز بنا رکھے ہیں، یہ کوہلی کی بطور کپتان 36ویں انٹرنیشنل سنچری ہے، انہوں نے ٹیسٹ اور ون ڈے میں بحیثیت کپتان 18، 18 سنچریاں بنا رکھی ہیں، کوہلی سے قبل رکی پونٹنگ، ایلن بارڈر، دھونی، سٹیفن فلیمنگ اور گریم سمتھ کو بھی بحیثیت کپتان انٹرنیشنل کرکٹ میں 9 ہزار سے زائد رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے، اس کے ساتھ ساتھ کوہلی لسٹ اے کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے والے مشترکہ طور پر دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں، انہوں نے گراہم گوچ کا ریکارڈ برابر کر کے یہ اعزاز پایا، ٹنڈولکر لسٹ اے کرکٹ میں 60 سنچریاں بنا کر سرفہرست ہیں، اس کے علاوہ کوہلی کی انٹرنیشنل کرکٹ میں سنچریوں کی تعداد 65 ہو گئی ہے اور انہوں نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچز میں کیریئر کے ہزار چوکے بھی مکمل کر لئے۔